پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی چھلانگ، ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 74 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا

news-banner

کاروبار - 29 دسمبر 2025

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار 1 لاکھ 74 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر لی۔

 

 کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 1900 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 74 ہزار 411 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

 

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، کھاد، تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی کی پیداوار اور ریفائنریز میں بھرپور خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔

 

 اے آر ایل، حبکو، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پول، ایچ بی ایل، میزان بینک اور ایم سی بی کے شیئرز بھی مثبت زون میں رہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 72 ہزار 400 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا تھا۔

 

مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق جنوری 2025 سے اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے امریکی ڈالر میں 50 فیصد سے زائد منافع دیا ہے، جس کے باعث یہ ایشیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں شامل ہو گئی ہے۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام اور اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور مستقبل میں پائیدار معاشی نمو کے امکانات روشن ہیں۔