میجر عدیل زمان شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا، آرمی چیف کی شرکت

news-banner

پاکستان - 29 دسمبر 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ کے علاقے خار میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر عدیل زمان کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔

 

 نمازِ جنازہ میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری اور سول حکام بھی نمازِ جنازہ میں موجود تھے۔

 

 اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عدیل زمان شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر عدیل زمان نے آپریشن کے دوران فرنٹ لائن سے قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

 

 پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے عزم پر قائم ہے اور ایسی قربانیاں قوم کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

 

شہید کو ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

 

مزید برآں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور ان کی جرات، بہادری اور استقامت کو سراہا۔