شاہ سلمان کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ اجلاس، یمن کی سلامتی اور قانونی حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ

news-banner

دنیا - 30 دسمبر 2025

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں یمن کی سلامتی، صدارتی کونسل اور قومی حکومت کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


سعودی وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی عرب اپنی قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گا۔

 

اعلامیے میں یمن کے صوبوں حضرموت اور المہرہ میں عرب اتحاد کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے کے لیے ان اقدامات کی حمایت کی گئی۔


کابینہ نے یمنی حکومت کے اس مطالبے کی بھی تائید کی جس میں متحدہ عرب امارات سے اپنی افواج کے انخلا کا کہا گیا ہے، اور امید ظاہر کی کہ یو اے ای اس پر عمل درآمد کرے گا۔

 

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے یمن کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔


واضح رہے کہ حالیہ دنوں سعودی اتحاد کی فضائی کارروائیوں کے بعد یمن نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ یو اے ای نے بھی یمن میں اپنے انسداد دہشت گردی یونٹس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔