پاک فضائیہ کا مقامی تیمور ویپن سسٹم کامیاب تجربہ، دفاعی صلاحیتوں میں نیا سنگ میل

news-banner

پاکستان - 03 جنوری 2026

پاک فضائیہ نے قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تیمور ویپن سسٹم میں ایئر لانچڈ کروز میزائل شامل ہے جو 600 کلومیٹر تک کے فاصلے پر زمینی اور بحری اہداف کو درست نشانہ بنا سکتا ہے اور روایتی وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

یہ میزائل جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور انتہائی کم بلندی پر پرواز کر کے دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے بچ نکل سکتا ہے، جس سے پاکستان کی فضائی دفاعی صلاحیت اور عملی لچک میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

 

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سائنس دانوں، انجینئرز اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی خود کفالت، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول میں پاکستان فضائیہ کی کوششوں کی واضح مثال ہے۔