پاکستان - 08 جنوری 2026
گوگل کے اے آئی سرچ خلاصے صحت کے لیے خطرہ؟ غلط طبی مشوروں پر ماہرین کی تشویش
تازہ ترین - 07 جنوری 2026
برطانوی اخبار دی گارڈین کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ گوگل کی جانب سے سرچ نتائج کے آغاز میں دکھائے جانے والے AI Overviews بعض اوقات صحت سے متعلق غلط اور گمراہ کن معلومات فراہم کرتے ہیں، جو صارفین کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔
اگرچہ گوگل کا دعویٰ ہے کہ یہ اے آئی پر مبنی خلاصے قابلِ اعتماد اور معاون ہوتے ہیں، تاہم ماہرین نے متعدد مثالوں کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
ایک مثال میں لبلبے کے کینسر کے مریضوں کو زیادہ چکنائی والی غذاؤں سے پرہیز کا مشورہ دیا گیا، جسے طبی ماہرین نے غلط اور مریض کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔
اسی طرح جگر کے ٹیسٹس سے متعلق معلومات میں بھی خامیاں سامنے آئیں، جس کے باعث شدید بیماری میں مبتلا افراد خود کو صحت مند سمجھنے کی غلط فہمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
خواتین کے کینسر اسکریننگ ٹیسٹس، خصوصاً پیپ ٹیسٹ، کے حوالے سے بھی سرچ نتائج میں غلط وضاحت دی گئی، جس سے صارفین میں کنفیوژن پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
صحت کے ماہرین اور فلاحی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ ایسی معلومات مریضوں کو بروقت علاج سے دور رکھ سکتی ہیں اور بعض صورتوں میں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔
مریضوں کے حقوق سے وابستہ تنظیم کی نمائندہ صوفی رینڈل کے مطابق، گوگل کے اے آئی خلاصے اگر غلط ہوں تو یہ عوامی صحت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
دی گارڈین کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نفسیاتی مسائل اور کھانے کی خرابیوں سے متعلق بھی بعض اے آئی مشورے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ لوگ ان پر انحصار کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مدد لینے سے گریز کر سکتے ہیں۔
گوگل نے اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ اس کے زیادہ تر اے آئی اوورویوز درست ہوتے ہیں اور نظام کو مزید بہتر بنانے پر کام جاری ہے، تاہم ماہرین کے مطابق صحت سے متعلق غلط معلومات کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کی جا سکتیں۔
دیکھیں

