بلوچستان دہشت گردی کا شکار، فوج قیادت میں مصروف، وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

پاکستان - 08 جنوری 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان بدقسمتی سے دہشت گردی کے شدید اثرات کا شکار ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس کے خاتمے کے لیے فوج کی قیادت کر رہے ہیں۔

 

کوئٹہ میں صوبائی وزراء، قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کے نمائندوں سے ملاقات میں وزیراعظم نے سیاسی امور، گڈ گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود بلوچستان کابینہ عوامی خدمت میں سرگرم عمل ہے اور صوبائی قیادت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے باعث سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو بعض ہمسایہ ممالک کی حمایت حاصل ہے، تاہم مکمل خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

 

 انہوں نے کہا کہ مئی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو تاریخی سبق سکھایا، اور صوبوں کو این ایف سی کے تحت وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، جس میں پنجاب بلوچستان کو سالانہ 11 ارب روپے دیتا ہے۔

 

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی کام کوئی احسان نہیں بلکہ حکومت کا فرض ہے، مشاورت اور بھائی چارے کے ساتھ ترقی کے اقدامات جاری رہیں گے۔ 

 

کراچی سے چمن تک 4 روڈ کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے اور پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔