سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس پر بھائی کے ہوٹل پر قبضے کا مقدمہ درج

news-banner

پاکستان - 08 جنوری 2026

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف بھائیوں کے ہوٹل پر قبضے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 

 

تھانہ کینٹ پولیس نے سردار تنویر الیاس سمیت 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمہ راجہ شہزاد سلطان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

 

درخواست گزار کے مطابق سردار تنویر الیاس کے سپروائزر نے مسلح افراد کے ہمراہ سردار یاسر الیاس کے ہوٹل پر قبضہ کیا اور عملے کو ذدوکوب کیا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ 

 

سپروائزر نے کہا کہ ہوٹل سردار تنویر الیاس کا ہے اور اسے خالی کروایا جائے، جبکہ آدم جی روڈ پر الشمس ہوٹل سردار یاسر اور سردار راشد الیاس کی جائیداد ہے۔

 

درخواست میں مزید کہا گیا کہ مسلح افراد نے سیکیورٹی گارڈ کو حبس بیجا میں رکھا اور اسلحے کے زور پر ہوٹل پر قبضہ کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔