تلک ورما سرجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی ٹی ٹوئنٹی میچز سے باہر

news-banner

کھیل - 09 جنوری 2026

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز تلک ورما نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے تین مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

 

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق تلک ورما نے بدھ کے روز راجکوٹ میں ٹیسٹیکولر سرجری کروائی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

 

 بورڈ کا کہنا ہے کہ سیریز کے باقی دو میچز میں ان کی شمولیت کا فیصلہ فٹنس بحالی اور ٹریننگ میں واپسی کے بعد کیا جائے گا۔

 

تلک ورما نے منگل کے روز وجے ہزارے ٹرافی میں حیدرآباد کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگال کے خلاف میچ کھیلا تھا، تاہم اطلاعات کے مطابق انہیں دورانِ کھیل کسی قسم کی چوٹ پیش نہیں آئی۔

 

 بعد ازاں درد کی شکایت پر فوری طور پر میڈیکل اسکین کیے گئے، جس کے بعد سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔

 

بی سی سی آئی کے مطابق تلک ورما جمعرات کی صبح اسپتال سے ڈسچارج ہو گئے ہیں اور ان کی حالت تسلی بخش ہے، جبکہ وہ جمعہ کے روز حیدرآباد روانہ ہوں گے۔

 

ذرائع کے مطابق تلک ورما کا نیوزی لینڈ کے خلاف پوری سیریز اور 7 فروری کو امریکا کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں شرکت کرنا بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ 

 

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں تلک ورما بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اہم رکن رہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ برس 18 اننگز میں 567 رنز اسکور کیے تھے۔

 

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے تاحال کسی متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔