دسمبر 2025 میں ترسیلات زر 3.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، سعودی عرب سرفہرست

news-banner

کاروبار - 09 جنوری 2026

دسمبر 2025 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 3.6 ارب امریکی ڈالر وطن منتقل کیے، جن میں سب سے زیادہ رقوم سعودی عرب سے موصول ہوئیں۔

 

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کارکنوں کی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 16.5 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 12.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

مرکزی بینک کے مطابق مالی سال 2025-26 کے ابتدائی چھ ماہ میں مجموعی ترسیلات زر 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.6 فیصد زیادہ ہیں۔

 

 گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ رقوم 17.8 ارب ڈالر تھیں۔

 

دسمبر کے مہینے میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ 813.1 ملین ڈالر موصول ہوئے، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 726.1 ملین ڈالر، برطانیہ سے 559.7 ملین ڈالر اور امریکا سے 301.7 ملین ڈالر کی ترسیلات پاکستان آئیں۔