انٹرٹینمنٹ - 12 جنوری 2026
ایران میں شدید احتجاج، ہلاکتوں کی تعداد 500 سے تجاوز، امریکا اور اسرائیل پر الزام
دنیا - 12 جنوری 2026
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ نے بتایا ہے کہ ایران میں جاری شورش کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 2022 کے بعد یہ ایران میں علما پر مشتمل حکومتی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سب سے بڑے مظاہرے ہیں، جن پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارہا مداخلت کی دھمکیاں بھی سامنے آ چکی ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس ان ایران (HRANA) نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 490 مظاہرین اور 48 سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 1,600 سے زائد افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، تاہم روئٹرز کا کہنا ہے کہ ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج عوام کا حق ہے لیکن بدامنی اور تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں فسادات کو ہوا دے رہے ہیں اور عوام کو ان عناصر سے دور رہنا چاہیے۔
دوسری جانب ایران کی پارلیمان کے اسپیکر اور پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر کسی بھی حملے کی صورت میں اسرائیل اور امریکی فوجی اڈے اور بحری جہاز قانونی اہداف ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاج 28 دسمبر کو شروع ہوا تھا جو بعد میں حکومت مخالف تحریک میں تبدیل ہو گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق بدامنی کے پیچھے امریکا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں تہران اور مشہد سمیت مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے، جلاؤ گھیراؤ اور دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں، جبکہ سرکاری ٹی وی پر نشر مناظر میں کورونر آفس میں بڑی تعداد میں باڈی بیگز دکھائے گئے ہیں۔
دیکھیں

