شدید دھند کے باعث متعدد موٹرویز بند، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

news-banner

تازہ ترین - 12 جنوری 2026

لاہور، فیصل آباد، ملتان اور روہڑی سمیت مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کئی موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

 

موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم-2 لاہور سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند ہے، جبکہ موٹروے ایم-3 فیض پور سے رجانہ، ایم-4 فیصل آباد سے ملتان اور ایم-5 ملتان سے روہڑی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

 

اسی طرح موٹروے ایم-11 لاہور سے سمبڑیال تک بھی دھند کے باعث بند ہے۔ تاہم حدِ نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے ایم-1 پشاور سے اسلام آباد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

 

ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد شہریوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔

 

 قومی شاہراہ پر بھی میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان اور صادق آباد سمیت متعدد علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہے۔

 

موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔ 

 

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور آگے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔

 

کسی بھی قسم کی مدد یا رہنمائی کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔