دہشتگردوں کے بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، انہیں اپنا نظریہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: عطا تارڑ

news-banner

پاکستان - 12 جنوری 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے بیانیے کا بھرپور اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کو اپنا نظریہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

اسلام آباد میں پیغامِ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیٹی کل پشاور کا دورہ کرے گی، جہاں تمام مکاتبِ فکر کے علما سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور یہ واضح پیغام دیا جائے گا کہ اسلام امن، رواداری اور بھائی چارے کا دین ہے۔

 

وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ یہ کون سا اسلام ہے جس کے نام پر بھارت سے فنڈنگ لے کر پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک منظم مالی نیٹ ورک کے ذریعے چلائی جا رہی ہے، جبکہ افغان حکومت کے بھارت کے ساتھ مسلسل روابط بھی تشویشناک ہیں۔

 

 ان کے مطابق فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کے عزائم روز بروز بے نقاب ہو رہے ہیں۔

 

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، قومی بیانیے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی میں اقلیتی نمائندے بھی شامل ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ 

 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بااختیار کمیٹی دہشتگردی کے بیانیے کا مؤثر جواب دے گی اور معاشرے میں امن و ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔