وزیرِاعظم کی زیرصدارت نیوٹیک کے تربیتی پروگرامز پر جائزہ اجلاس، عالمی سرٹیفکیشنز اور ڈیجیٹل نگرانی پر زور

news-banner

پاکستان - 12 جنوری 2026

اسلام آباد میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں پیشہ ورانہ تربیت کے نئے ایکوسسٹم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

 

 اجلاس میں وزیراعظم نے نیوٹیک کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے نئے اہداف مقرر کیے جائیں اور اپرینٹس شپ قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے بین الاقوامی سرٹیفکیشنز فراہم کرنا خوش آئند ہے۔

 

 خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت کے لیے وزارت خارجہ اور اوورسیز پاکستانی اقدامات میں تیزی لائیں۔ 

 

انہوں نے نیوٹیک کے پروگرامز کے مثبت نتائج کا ذکر کرتے ہوئے طلبا اور اساتذہ کے لیے بائیومیٹرک حاضری کے نظام کے نفاذ کی ہدایت کی۔

 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ صوبائی اداروں کے تعاون سے نیوٹیک کے پروگرامز کو وسعت دی جائے، تربیت یافتہ افراد کی تعداد بڑھائی جائے اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن کے ساتھ تربیت فراہم کرنا اولین ترجیح ہو۔

 

 ان اداروں کی رکنیت معطل کی جائے جن کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہو۔ انہوں نے نیوٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور آن لائن مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔