ایران پر ممکنہ حملے کے خدشات، قطر کے العدید ایئربیس پر امریکی جنگی سرگرمیاں تیز

news-banner

دنیا - 13 جنوری 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف سخت بیانات اور ممکنہ حملے کی دھمکیوں کے بعد خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

 

 میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی شب قطر میں واقع العدید ایئربیس سے متعدد امریکی جنگی طیاروں نے پروازیں کیں۔

 

رپورٹس کے مطابق ان پروازوں میں کے سی-135 ایئر ریفیولنگ ٹینکرز اور بی-52 اسٹریٹجک بمبار طیارے بھی شامل تھے، جو کسی بھی ممکنہ طویل فضائی کارروائی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 

 خبر ایجنسی کے مطابق العدید ایئربیس ایرانی سرحد سے تقریباً 200 سے 300 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جس کے باعث اس سرگرمی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔

 

ادھر امریکا نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 

 ایران میں قائم امریکی ورچوئل سفارت خانے کے مطابق ملک بھر میں جاری احتجاج شدت اختیار کر رہے ہیں اور ان کے پرتشدد رخ اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔

 

سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکیہ کے راستے ایران سے روانہ ہوں اور ایسے سفری انتظامات کریں جن میں امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار نہ ہو۔