خالی قومی اسمبلی کی سیٹ پر اپوزیشن لیڈر کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق، محمود خان اچکزئی مقرر

news-banner

پاکستان - 13 جنوری 2026

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سیٹ پر اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہو گیا ہے۔

 

 ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے واحد امیدوار محمود خان اچکزئی ہوں گے، اور سپیکر قومی اسمبلی نے ان کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کی یقین دہانی کر دی ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی قانونی ضابطوں کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا تقرر کریں گے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے وفد نے سپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کر کے محمود خان اچکزئی کی باضابطہ نامزدگی جمع کروائی تھی۔

 

ملاقات میں پی ٹی آئی کے وفد میں بیرسٹر گوہر علی، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور اقبال آفریدی کے ساتھ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری بھی موجود تھے۔


بیرسٹر گوہر علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جمعرات تک اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے گا اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے بعد سینیٹ میں بھی یہی عمل ہوگا۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی ہمیشہ چیئرمین رہیں گے اور عمران خان کے فیصلے کو کوئی سیاسی کمیٹی تبدیل نہیں کر سکتی۔