پاکستان - 13 جنوری 2026
پاکستان اور جاپان کے درمیان بچوں کی صحت کے منصوبے کے لیے گرانٹ معاہدہ طے پا گیا
دنیا - 13 جنوری 2026
حکومتِ پاکستان اور جاپان کے درمیان بچوں کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے گرانٹ معاہدے پر باضابطہ دستخط ہو گئے ہیں۔
وزارتِ اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق جاپانی حکومت جنوبی پنجاب میں بچوں کی طبی نگہداشت کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی۔
جاپانی انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تحت 2.91 ارب جاپانی ین، جو تقریباً 18.62 ملین امریکی ڈالر بنتے ہیں، گرانٹ کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔
اس منصوبے کے ذریعے ملتان میں چلڈرن ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان خطے کا سب سے بڑا ٹرشری کیئر بچوں کا اسپتال ہے، جس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ بچوں کو بہتر اور مؤثر علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایکسچینج آف نوٹس پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ جاپان کی جانب سے پاکستان میں تعینات سفیر اکا ماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے جاپانی حکومت اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے مؤثر اور بروقت نفاذ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر جاپانی سفیر اکا ماتسو شوئچی نے کہا کہ جاپان حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی اور دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
دیکھیں

