وزیراعلیٰ کے دورے سے قبل سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا گیا تھا، شرجیل انعام میمن

news-banner

پاکستان - 13 جنوری 2026

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دورے سے قبل سیکیورٹی تھریٹ موجود تھا جس کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ کر دیا گیا تھا۔

 

 کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مکمل سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا تھا تاہم طے شدہ روٹس اور مقامات کے برخلاف دورے کیے گئے۔

 

شرجیل میمن کے مطابق صوبائی وزیر ناصر شاہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کر کے انہیں ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا اور واضح طور پر بتایا گیا کہ کن علاقوں میں جانا محفوظ نہیں۔ اس کے باوجود ہدایات کو نظر انداز کیا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ اس دوران پولیس پر پتھراؤ، میڈیا کی گاڑیوں کو نقصان اور صحافیوں سے بدسلوکی کے واقعات پیش آئے جبکہ سیکیورٹی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر بدنظمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

 

 جلسے کی اجازت دی گئی لیکن چند ہی منٹ بعد پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان سامنے آیا۔

 

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضلع وسطی میں جانے سے منع کیا گیا تھا مگر وعدہ خلافی کی گئی، جبکہ اگلے دن حیدرآباد کے دورے کے لیے مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

 

 انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کے باوجود سندھ حکومت نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور کسی سیاسی رہنما کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔

 

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن میں این ای ڈی یونیورسٹی میں طالبات کے لیے ہاسٹل کی تعمیر اور سکھر و حیدرآباد سمیت مختلف گرجا گھروں کی بحالی کے لیے فنڈز کی منظوری شامل ہے۔