تازہ ترین - 15 جنوری 2026
ایران کے خلاف ممکنہ امریکی کارروائی کی تیاری، 50 اہداف کی فہرست تیار، خطے سے فوجی انخلا شروع
دنیا - 15 جنوری 2026
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، اور امریکا ایران میں تقریباً 50 اہداف کو نشانہ بنانے پر غور کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا کو ایرانی فوجی اہداف کی تفصیلی فہرست فراہم کی جا چکی ہے، جس میں پاسدارانِ انقلاب کے ہیڈکوارٹرز سمیت ایرانی فوج کے 23 اہم اڈے شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے بعض فوجی اڈوں سے اہلکاروں کا انخلا بھی شروع کر دیا ہے، جسے ممکنہ حملے کی پیشگی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک امریکی عہدیدار کے مطابق یہ اقدام احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے، کیونکہ ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ایک اور امریکی عہدیدار نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے باعث اہم فوجی اڈوں سے محدود عملہ واپس بلایا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں برطانیہ بھی قطر میں واقع اپنے فضائی اڈے سے بعض اہلکار نکال رہا ہے۔
ایک مغربی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ تمام شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ امریکی حملہ کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔
دو یورپی عہدیداروں کے مطابق امریکی فوجی مداخلت آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر ممکن ہے، جبکہ ایک اسرائیلی عہدیدار نے عندیہ دیا ہے کہ صدر ٹرمپ حملے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
ادھر قطر نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکا کے سب سے بڑے فوجی اڈے العدید ایئربیس سے عملے میں کمی موجودہ علاقائی کشیدگی کے باعث کی جا رہی ہے۔
دیکھیں

