تازہ ترین - 15 جنوری 2026
ایران میں حالات قابو میں، گزشتہ 24 گھنٹوں سے ملک بھر میں امن برقرار
دنیا - 15 جنوری 2026
تہران: کئی روز تک جاری رہنے والی بے چینی اور غیر یقینی صورتحال کے بعد ایرانی حکومت نے احتجاجی مظاہروں پر قابو پا لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کے تمام بڑے شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امن و امان کی کوئی خرابی رپورٹ نہیں ہوئی۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ تہران سمیت پورے ملک میں پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے اور صورتحال مکمل طور پر سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔
عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ جون جیسے واقعات کو دوبارہ دہرانے کی کوشش کی گئی تو نتائج بھی وہی ہوں گے، کیونکہ ایران کا عزم بمباری یا دباؤ سے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہروں میں شامل بعض عناصر کو بیرون ملک سے کنٹرول کیا جا رہا تھا، بعض مقامات پر پولیس پر فائرنگ، داعش طرز کی کارروائیاں اور اہلکاروں کو زندہ جلانے جیسے واقعات بھی پیش آئے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کو امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے مختلف خطرات درپیش ہیں، اگرچہ سفارتکاری بہتر راستہ ہے لیکن امریکا کے ساتھ ایران کا ماضی کا تجربہ اچھا نہیں رہا، اس کے باوجود جنگ کے مقابلے میں سفارتکاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
دیکھیں

