انٹرٹینمنٹ - 16 جنوری 2026
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا
دنیا - 16 جنوری 2026
اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے تقریباً ایک سال کی بات چیت کے بعد ایک ممکنہ دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ سہ فریقی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے گزشتہ برس ہونے والے دوطرفہ دفاعی معاہدے سے الگ ہے، اور اس کو حتمی شکل دینے کے لیے تینوں ممالک کے مکمل اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔
رضا حیات ہراج کے مطابق اس سہ فریقی دفاعی معاہدے کا مسودہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے تینوں کے پاس موجود ہے اور اس پر غور و خوض جاری ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق یہ پیشرفت گزشتہ دو برسوں میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے تناظر میں تینوں ممالک کے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوشش کی عکاسی کرتی ہے۔
دوسری جانب ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے استنبول میں تصدیق کی کہ تینوں ممالک کے درمیان بات چیت ضرور ہوئی ہے، تاہم تاحال کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی عدم استحکام، جنگوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے وسیع تر علاقائی تعاون اور باہمی اعتماد ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی جریدے بلوم برگ نے رپورٹ کیا تھا کہ ترکیے نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی اتحاد میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے گزشتہ سال مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا، جو نیٹو کے آرٹیکل فائیو سے مماثلت رکھتا ہے۔
دیکھیں

