کاروبار - 19 جنوری 2026
اسپین میں بدترین ٹرین حادثہ: تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
دنیا - 19 جنوری 2026
جنوبی اسپین میں دو ٹرینوں کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جب کہ اسے گزشتہ ایک دہائی میں اسپین کا بدترین ریلوے حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔
حادثہ صوبہ قرطبہ کے قصبے آدموز کے قریب پیش آیا، جہاں میڈرڈ جانے والی ایک تیز رفتار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر کر مخالف سمت کی لائن پر چلی گئیں اور سامنے سے آنے والی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 مسافر اور عملہ سوار تھا۔ ایمرجنسی سروسز نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم 24 افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔
اسپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکار پوینتے نے حادثے کو “انتہائی غیر معمولی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ریلوے ماہرین اس واقعے پر حیران ہیں۔
ان کے مطابق حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم حتمی نتائج آنے میں کم از کم ایک ماہ لگ سکتا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کا ملبہ بری طرح پھنسا ہوا تھا، جس کے باعث زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض مقامات پر زندہ افراد تک پہنچنے کے لیے لاشوں کو ہٹانا پڑا۔
حادثے کے بعد میڈرڈ اور اندلوسیا کے درمیان تمام ریلوے سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
زخمیوں کو قریبی اسپتالوں اور عارضی طبی مراکز میں منتقل کیا گیا، جبکہ متاثرہ مسافروں کے اہل خانہ کے لیے مختلف اسٹیشنوں پر ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے واقعے کو “گہرے دکھ کی رات” قرار دیا، جبکہ شاہ فلپ ششم اور ملکہ لیٹیزیا نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یورپی رہنماؤں نے اسپین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات جاری کیے ہیں۔
دیکھیں

