کھیل - 20 جنوری 2026
33 گھنٹے بعد بجھنے والی آگ، 26 گھروں کے چراغ گل — 20 نعشوں کی شناخت مکمل
پاکستان - 20 جنوری 2026
کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ 33 گھنٹے بعد بجھائی جا سکی، جس کے نتیجے میں 26 خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو گئے۔
فائر فائٹر سمیت 20 نعشوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے۔
آتشزدگی کے باعث عمارت مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن گئی، کئی حصے منہدم ہو گئے، پلرز کمزور پڑ گئے اور باقی ماندہ ڈھانچے کے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ عمارت میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا جبکہ ملبہ ہٹانے کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
کمشنر کراچی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ دیگر نعشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سیمپلز جامعہ کراچی کی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جہاں میڈیکو لیگل سینٹر کراچی میں ڈی این اے پروفائلنگ کی جا رہی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق نعشوں کی شناخت ڈی این اے کراس میچنگ کے ذریعے کی جائے گی اور اب تک متعدد نعشوں اور لواحقین کے نمونے حاصل کیے جا چکے ہیں۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، تاہم اگر انتظامی رپورٹ میں کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کے مطابق مرکزی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ محدود پیمانے پر سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔ ہفتے کی شب لگنے والی آگ مسلسل 33 گھنٹے تک بھڑکتی رہی۔
عمارت کے خستہ حال ہونے اور گرنے کے خدشے کے باعث بعض مقامات پر فائر فائٹنگ روک دی گئی اور صرف ملبہ ہٹانے کا عمل جاری رکھا گیا۔
گل پلازہ کے فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ، سندھ رینجرز، کے ایم سی، ریسکیو سندھ اور رضا کاروں نے حصہ لیا اور انسانی جانیں بچانے کے لیے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں۔
دیکھیں

