کھیل - 27 فروری 2026
بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سپیل، ہر طرف سفید چادر بچھ گئی
تازہ ترین - 27 جنوری 2026
پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے باعث پہاڑ، سڑکیں اور آبادیاں مکمل طور پر برف کی سفید چادر میں ڈھک گئیں۔
وادی نیلم میں برفباری نے پانچ سالہ ریکارڈ توڑ دیا، جہاں بالائی علاقوں میں چھ فٹ سے زائد برف پڑی اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے۔
مری اور گلیات میں بھی برفباری سے سیاح لطف اندوز ہوئے تاہم مال روڈ، جھیکا گلی اور نتھیا گلی عام سیاحوں کے لیے بند کر دی گئیں، صرف پیشگی بکنگ والوں کو اجازت دی جا رہی ہے۔
برفباری کا سلسلہ کوئٹہ، قلات، مستونگ، چمن، مسلم باغ اور دیگر علاقوں میں بھی جاری رہا جبکہ نیلم ویلی، باغ، سدھن گلی، گنگا چوٹی اور تولی پیر میں ہر شے سفید ہو گئی۔
برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، گریس ویلی اور شونٹر ویلی کی شاہراہیں بھی متاثر ہوئیں، جبکہ نانگا پربت اور بابوسر ٹاپ پر دس فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی ہے۔
باغ میں برفانی تودہ گرنے سے ایک شہری جاں بحق جبکہ گاڑی کو نقصان پہنچا، جبکہ لیپہ اور نیلم ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے 13 گھر مکمل تباہ اور 28 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
گلیات کے کئی علاقوں میں چار روز گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی، جبکہ سڑکوں کی بندش کے باعث خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
ادھر این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
دیکھیں

