پاکستان - 16 فروری 2026
بنگلادیش انتخابات میں تنازع، جماعت اسلامی اتحاد نے 32 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیے
دنیا - 16 فروری 2026
ڈھاکا: بنگلادیش کے حالیہ عام انتخابات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم اتحاد نے 32 حلقوں کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن بنگلادیش میں شکایات جمع کرائیں۔
جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں بی این پی اتحاد نے 212 نشستیں جیتیں جبکہ جماعت اسلامی کی قیادت والے اتحاد کو 77 نشستیں حاصل ہوئیں۔
بی این پی کے سربراہ طارق رحمان کی کامیابی کے بعد وہ ملک کے اگلے وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں، اور نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ کی حلف برداری منگل کو متوقع ہے۔
جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے ہفتے کو شکست تسلیم کی تھی اور اعلان کیا کہ جماعت پارلیمنٹ میں بااصول اور پُرامن اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، تاہم اتوار کو 32 حلقوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات دائر کی گئیں۔
سینئر رہنما حمید الرحمٰن آزاد نے کہا کہ ان کے امیدواروں کو غیر منصفانہ طور پر ہرایا گیا اور انتخابی عمل کے دوران جعلی ووٹ، رشوت، دھمکیاں اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔
پولیس کے مطابق انتخابی مہم کے دوران سیاسی جھڑپوں میں پانچ افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ نتائج کے بعد بھی کچھ علاقوں میں جھڑپوں اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں کم از کم دو افراد جان سے گئے۔
انتخابات میں 300 حلقوں میں سے 299 میں پولنگ ہوئی اور ٹرن آؤٹ تقریباً 59 فیصد رہا۔
براہِ راست منتخب ہونے والی خواتین کی تعداد سات رہی، جبکہ مخصوص 50 خواتین کی نشستیں ووٹ کے تناسب سے تقسیم کی جائیں گی۔ اقلیتی برادریوں کے چار امیدوار بھی کامیاب ہوئے، جن میں دو ہندو شامل ہیں۔
دیکھیں

