معاشی اشاریے مثبت سمت میں، حکومت ہر شعبے میں شفافیت یقینی بنا رہی ہے: محمد اورنگزیب

news-banner

کاروبار - 16 فروری 2026

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے اور تمام اہم معاشی اشاریے مثبت رجحان دکھا رہے ہیں۔ 

 

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ گورننس مؤثر بنے اور گزشتہ تین سال میں خسارے کم ہوئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی کو حکومت براہِ راست روزگار فراہم نہیں کر سکتی، اس لیے نجی شعبے کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

 

کچھ کمپنیوں کے منافع میں کمی واقع ہوئی ہے، لیکن مجموعی طور پر اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ 

 

فیلڈ میں تعینات چیئرپرسن یا چیئرمین نجی شعبے سے منتخب کیے جا رہے ہیں تاکہ پیشہ ورانہ مہارت سے فائدہ حاصل کیا جا سکے، اور جو ادارے مسلسل خسارے میں ہیں انہیں بند کیا جا چکا ہے یا بند کرنے کا عمل جاری ہے، متاثرہ ملازمین کو پیکیج دیے گئے ہیں۔

 

وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت شفاف طریقے سے نجکاری کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے، جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور فرسٹ ویمن بینک کی شفاف نجکاری شامل ہے، وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق نجکاری کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔