تازہ ترین - 22 فروری 2026
افغانستان میں پاکستان کی فضائی کارروائیاں، دہشت گردوں کے 7 ٹھکانے تباہ، طالبان کمانڈر ہلاک
پاکستان - 22 فروری 2026
کابل: پاکستان نے سرحد پار دہشت گردی کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر افغانستان کے مشرقی علاقوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے سات اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل میں جنگی طیاروں نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر درست حملے کیے، جہاں زور دار دھماکوں کی آوازیں دور تک سنی گئیں اور دہشت گردوں کے زیر استعمال انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق ننگرہار کے اضلاع خوگیانی اور کامی میں بھی فضائی کارروائیاں کی گئیں، جہاں مبینہ تربیتی مراکز اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے دوران طالبان کمانڈر اختر محمد سمیت متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق یہ کارروائیاں پاکستان۔افغان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج اور اس سے منسلک گروہوں کے خلاف جوابی اقدام کے طور پر انتہائی درستگی کے ساتھ کی گئیں۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے، کیونکہ پاکستانی عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ خودکش حملوں اور دہشت گرد کارروائیوں کے ناقابلِ تردید شواہد افغانستان میں موجود دہشت گرد نیٹ ورکس سے منسلک پائے گئے ہیں، جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
دیکھیں

