کرسٹیانو رونالڈو کا 500 گول مکمل کرنے پر سعودی ثقافت سے جُڑا منفرد جشن

news-banner

کھیل - 23 فروری 2026

ریاض: سعودی عرب کے معروف فٹبال کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے 30 سال کی عمر کے بعد کلب اور قومی سطح پر 500 گول مکمل کر کے فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔

 

یہ اعزاز سعودی پروفیشنل لیگ کے میچ میں الحزم کے خلاف 4-0 کی شاندار فتح کے دوران حاصل ہوا، جہاں رونالڈو نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

 

اس تاریخی موقع پر رونالڈو نے سعودی عرب کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے روایتی سعودی لباس ’بِشت‘ پہن کر فتح کا جشن منایا۔ 

 

بشت سعودی ثقافت میں وقار، قیادت اور عزت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ 

 

غیر ملکی میڈیا نے اس منفرد جشن کو بھرپور کوریج دی، جبکہ بشت پہنے رونالڈو کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے 30 سال کی عمر تک تقریباً 463 گول کیے تھے، جس کے بعد مزید 500 گول اسکور کر کے انہوں نے اپنی غیر معمولی فٹنس اور طویل کیریئر کا ثبوت دیا۔ 

 

41 سال کی عمر میں اس کامیابی کے بعد النصر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق بشت پہن کر جشن منانا سعودی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ایک نمایاں مثال ہے۔ 

 

رونالڈو ماضی میں بھی سعودی قومی لباس میں مختلف تقاریب میں شرکت کر چکے ہیں، جس سے کھیل کے ساتھ ساتھ ثقافتی شعور کو بھی فروغ ملا۔

 

کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیریئر میں ریال میڈرڈ، مانچسٹر یونائیٹڈ، یووینٹس اور پرتگال کی قومی ٹیم کے ساتھ بے شمار ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ 

 

2023 میں النصر میں شمولیت کے بعد نہ صرف ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی بلکہ سعودی لیگ کو بھی عالمی سطح پر غیر معمولی توجہ حاصل ہوئی۔