تازہ ترین - 26 فروری 2026
سال 2023 اور 2024 آؤٹ آف اسکول بچوں کے لیے تشویشناک ثابت ہوئے: رپورٹ
پاکستان - 26 فروری 2026
اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے سال 2023–24 کی رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سماجی مسائل اور تعلیم سے عدم دلچسپی کے باعث یہ دو سال آؤٹ آف اسکول بچوں کے لیے نہایت بھاری ثابت ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 53 لاکھ بچے اسکول سے باہر رہے، جن میں 1 کروڑ 34 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں۔
صوبہ پنجاب میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 96 لاکھ بچے تعلیم سے محروم رہے، جن میں 48 لاکھ لڑکیاں اور 47 لاکھ لڑکے شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 78 لاکھ، بلوچستان میں 29 لاکھ اور خیبر پختونخوا میں 49 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 90 ہزار بچے تعلیمی اداروں سے باہر پائے گئے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں پرائمری سطح پر بچوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 8 لاکھ 15 ہزار ہے، تاہم مڈل سطح تک پہنچنے والے طلبہ کی تعداد کم ہو کر 92 لاکھ 7 ہزار رہ جاتی ہے۔
میٹرک تک صرف 46 لاکھ 99 ہزار طلبہ پہنچ پاتے ہیں، جبکہ انٹرمیڈیٹ سطح تک یہ تعداد مزید کم ہو کر 28 لاکھ 25 ہزار رہ جاتی ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں محض 7 لاکھ 18 ہزار طلبہ ہی یونیورسٹی میں داخل ہو کر ڈگری کے حصول تک پہنچ پاتے ہیں، جو تعلیمی نظام میں سنگین خلا کی نشاندہی کرتا ہے۔
دیکھیں

