دنیا - 27 فروری 2026
افغان جارحیت کے جواب میں آپریشن غضبُ للحق، 133 افغان طالبان ہلاک، اہم فوجی تنصیبات تباہ
دنیا - 27 فروری 2026
افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ اور حملوں کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن غضبُ للحق جاری ہے، جس کے دوران 133 افغان طالبان ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ دشمن کی متعدد اہم فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج نے سرحدی علاقوں میں بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کے فوجی ہیڈکوارٹرز، ٹینک، توپ خانے، بکتر بند گاڑیاں اور چوکیاں نشانہ بنائیں۔
کارروائی کے دوران 27 چوکیاں مکمل طور پر تباہ جبکہ 9 پر قبضہ کر لیا گیا۔
پاک فضائیہ نے مؤثر فضائی حملوں کے ذریعے کابل، قندھار اور پکتیا میں واقع اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا، جہاں بریگیڈ اور کور ہیڈکوارٹرز، اسلحہ کے ذخائر اور لاجسٹک مراکز تباہ کر دیے گئے۔
ننگرہار میں بھی ایک بڑا اسلحہ ڈپو تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے ڈرون اور کواڈ کاپٹرز کے ذریعے حملوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور تمام فضائی آلات مار گرائے گئے۔
سرحدی علاقوں باجوڑ، مہمند، کرم اور چترال میں بھی دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ افغان جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا گیا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وزیراعظم کے ترجمان مشرف زیدی نے کہا کہ پاکستان کی کسی بھی چوکی پر قبضہ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نقصانات سے متعلق دعوے بے بنیاد ہیں۔
دیکھیں

