ایران پر یورینیئم افزودگی پابندی کی مدت سیاسی فیصلہ ہو گا: آئی اے ای اے

news-banner

دنیا - 15 اپریل 2026

عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کا کہنا ہے کہ ایران پر یورینیئم افزودگی سے متعلق عائد کی جانے والی کوئی بھی پابندی ایک سیاسی فیصلہ ہو گا۔ 

 

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے تحت ایران پر عائد کی جانے والی یورینیئم افزودگی سے متعلق کوئی بھی پابندی کی مدت کا تعین کرنا تکنیکی نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کا فیصلہ ہو گا۔

 

 انہوں نے واضح کیا کہ یہ طے کرنا کہ ایران کتنے عرصے تک افزودگی سے باز رہے گا، متعلقہ فریقین کی سیاسی حکمتِ عملی اور مذاکرات پر منحصر ہو گا۔ 

 

 دوسری جانب امریکی اور ایرانی حکام نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم کر دیے، تاہم اہم اختلافات پر کوئی اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا۔ 

 

ان اختلافات میں ایک بنیادی نکتہ یہ تھا کہ تہران کتنے عرصے کے لیے یورینیئم افزودگی معطل کرے گا، جس کے بارے میں امریکا اور مغربی ممالک کا مؤقف ہے کہ اسے ممکنہ طور پر ہتھیاروں کی تیاری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔