ایران پر حملے کا مقصد اسرائیلی اثر و رسوخ کو پاکستانی سرحدوں تک بڑھانا ہے: خواجہ محمد آصف

news-banner

پاکستان - 03 مارچ 2026

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کا اصل مقصد اسرائیل کے اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحدوں تک وسعت دینا ہے۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کی جانب سے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے باوجود اس پر جنگ مسلط کی گئی۔ 

 

ان کے مطابق صیہونی سوچ خطے میں عدم استحکام اور تنازعات کی بڑی وجہ رہی ہے اور ماضی کی متعدد جنگوں کے پیچھے یہی نظریہ کارفرما رہا ہے۔

 

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی طاقت ہے اور ملکی خودمختاری افواجِ پاکستان اور قومی قربانیوں کی بدولت محفوظ ہے۔

 

 انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں کردار ادا کرنے والی شخصیات اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ خطے میں بعض قوتوں کا مشترکہ ایجنڈا پاکستان کو غیر محفوظ بنانا اور اسے چاروں جانب سے دباؤ میں لانا ہے، اس لیے پاکستانی قوم کو اختلافات سے بالاتر ہو کر ممکنہ خطرات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

 

 انہوں نے عالمِ اسلام کے اتحاد اور فلسطین کی آزادی کی بھی دعا کی۔