ممکنہ خفیہ رابطوں کی خبریں، علاقائی قیادت میں تشویش

news-banner

دنیا - 05 مارچ 2026

واشنگٹن: امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ خفیہ رابطوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس سے اسرائیلی قیادت میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔

 

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس نے ممکنہ طور پر کسی تیسرے ملک کے ذریعے سی آئی اے سے رابطہ کیا تاکہ جاری تنازع کے خاتمے سے متعلق امور پر بات چیت کی جا سکے۔

 

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس معاملے پر وائٹ ہاؤس سے وضاحت طلب کی کیونکہ اسرائیل کو خدشہ ہے کہ اس کے اہداف کے حصول سے پہلے جنگ بندی نہ ہو جائے۔

 

امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس نے خفیہ رابطوں کی رپورٹس فراہم کیں جس کے بعد نیتن یاہو نے اس حوالے سے امریکی حکام سے وضاحت مانگی۔

 

تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایسے کسی خفیہ رابطے کی تردید کی ہے۔

 

دوسری جانب تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایران نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کیلئے کسی قسم کی خفیہ بات چیت نہیں کی گئی۔