کیوی کپتان مچل سینٹنر کا بھارت کے خلاف فائنل میں شائقین کو خاموش کروانے کا عزم

news-banner

کھیل - 08 مارچ 2026

نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بھارت کے خلاف فائنل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نریندر مودی اسٹیڈیم میں کچھ لوگوں کو دل ٹوٹتا دیکھنے پر بالکل برا نہیں لگے گا۔

 

سینٹنر نے بتایا کہ گزشتہ گیارہ سالوں میں نیوزی لینڈ نے آئی سی سی کے پانچ وائٹ بال فائنلز کے لیے کوالیفائی کیا لیکن کوئی جیت نہیں سکی، اس پر وہ طنزیہ انداز میں بولے کہ ٹرافی جیتنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں، مگر موجودہ ٹیم مضبوط یونٹ کی طرح کھیلتی ہے اور اپنی سوچ میں پختہ ہے۔

 

کیوی کپتان نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ نیوزی لینڈ فیورٹ نہیں ہیں، لیکن اگر ٹیم چھوٹی چھوٹی چیزیں اچھی طرح انجام دے اور متحد ہو کر کھیلے، تو خود کو موقع دینے میں کامیاب ہوگی۔

 

انہوں نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے لیے سب سے بہترین احساس یہ ہے کہ متعصب ہجوم کو خاموش کروایا جائے، اور اس وقت ان کا مقصد بھارت کے ہوم گراؤنڈ میں موجود شائقین کو خاموش کروانا ہے۔

 

مچل سینٹنر نے مزید کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں حالات تیزی سے بدل سکتے ہیں اور کئی اہم لمحات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ 

 

انہوں نے بھارتی ٹیم پر ہوم گراؤنڈ میں ورلڈ کپ جیتنے کے دباؤ کو بھی واضح چیلنج قرار دیا۔