دنیا - 10 مارچ 2026
ٹرمپ کا دعویٰ: ایران کے خلاف جنگ اختتام کے قریب، نئی ایرانی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی
دنیا - 10 مارچ 2026
فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ایران کی عسکری صلاحیت کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
فلوریڈا میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اب تک پانچ ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے۔
ان کے مطابق امریکا نے عملی طور پر جنگ جیت لی ہے، تاہم ایران نے ابھی تک شکست تسلیم نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ مکمل فتح حاصل ہونے تک باقی خطرات کا تعاقب جاری رکھا جائے گا۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑنے پر ایران کی نئی قیادت کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک زمینی فوج بھیجنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ان کے مطابق یہ کارروائی اس لیے ضروری تھی کیونکہ ایران مبینہ طور پر اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک پر حملے کی تیاری کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیتا تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی تھی۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ماضی میں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر حملے کیے جبکہ کئی عرب ممالک نے اس تنازع میں غیر جانبدار رہنے کو ترجیح دی۔
ان کے مطابق ایرانی ڈرون حملوں میں 83 فیصد کمی آ چکی ہے اور امریکا نے ایران کی ڈرون بنانے کی صلاحیت کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارروائیوں میں بی ٹو بمبار طیارے استعمال کیے گئے جبکہ متعدد ایرانی بحری جہاز اور ڈرون تباہ کیے جا چکے ہیں۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے اور تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے کچھ پابندیوں میں نرمی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے ایران پر الزام لگایا کہ وہ حماس اور حزب اللہ جیسے گروہوں کی حمایت کرتا ہے۔
دیکھیں

