سی ٹی ڈی کا لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

news-banner

پاکستان - 14 مارچ 2026

بنوں: سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے لکی مروت کے علاقے شاگئی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

 

ذرائع کے مطابق شاگئی میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور تقریباً 40 منٹ تک جاری رہنے والی کارروائی میں باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

 

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک شدہ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ ان کے قبضے سے 4 کلاشنکوف، 2 پستول، 8 دستی بم اور آئی ای ڈی برآمد ہوئے ہیں۔

 

لکی مروت دھماکے میں شہید ہونے والے 7 اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے فتنہ الخوارج کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

 

محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔