زیادہ چکنائی والی غذا دماغ پر غیر متوقع اثر ڈال سکتی ہے: تحقیق

news-banner

تازہ ترین - 15 مارچ 2026

تازہ ترین تحقیق کے مطابق زیادہ چکنائی والی غذا دماغ پر غیر متوقع اثر ڈال سکتی ہے۔

 

امریکی ریاست جورجیا کی ایموری یونیورسٹی میں چوہوں پر کی گئی تحقیق میں دیکھا گیا کہ جب انہیں زیادہ چکنائی والی غذا دی گئی تو آنتوں میں موجود بیکٹیریا کا توازن بگڑ گیا۔ 

 

اس صورتحال میں زندہ بیکٹیریا آنتوں سے نکل کر ویگس نرو کے ذریعے دماغ تک پہنچ سکتے ہیں۔ 

 

ویگس نرو اعصابی نظام کا وہ اہم حصہ ہے جو دماغ کے نچلے حصے کو دل، پھیپھڑوں اور معدے سے جوڑتا ہے۔

 

محققین کے مطابق یہ نتائج اعصابی بیماریوں کو سمجھنے کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ 

 

تحقیق کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ الزائمرز اور پارکنسنز کی بیماری میں مبتلا چوہوں کے دماغ میں بھی بیکٹیریا کی مقدار کم تھی۔

 

ڈیوڈ ویز، جو ایموری یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسن کے شعبہ متعدی امراض سے وابستہ ہیں، کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ اعصابی بیماریوں کی ابتدا ممکنہ طور پر آنتوں سے ہو سکتی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اس دریافت سے دماغی بیماریوں کے علاج کی حکمت عملی بدل سکتی ہے، کیونکہ مستقبل میں علاج کا ہدف دماغ کے بجائے آنتیں بھی بن سکتی ہیں۔ 

 

اگر ایسا ہوا تو اعصابی امراض میں مبتلا افراد کے علاج پر اس کے حیران کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔