ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کھولنے کی اپیل پر عالمی ردعمل محدود، کئی ممالک نے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا

news-banner

دنیا - 16 مارچ 2026

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران اور لبنان پر حملوں کو سولہ دن ہو چکے ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

 

 ایران نے بھی جواب میں میزائل اور ڈرون حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔ اس صورتحال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سمیت مختلف ممالک سے آبنائے ہرمز کو محفوظ اور کھلا رکھنے کے لیے مدد کی اپیل کی، تاہم اب تک کسی ملک نے بحری جنگی جہاز بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔

 

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے کسی ملک سے مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا اور سعودی عرب پر حملوں میں بھی ایران ملوث نہیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے لوکس ڈرون دراصل ایرانی شاہد ڈرون کی نقل ہیں جو عرب ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ امریکا نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

 

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران سولہ دنوں میں ایران میں 1444 اور لبنان میں 850 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بتائی جاتی ہے۔

 

 ہزاروں افراد زخمی ہیں جبکہ ایران میں تقریباً چھتیس ہزار رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

 

سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی دفاعی افواج نے مختلف حملوں کے دوران درجنوں ڈرون مار گرائے۔

 

 سعودی وزارت دفاع کے مطابق صبح سے اب تک ڈرون حملوں کی تین لہروں کو ناکام بنایا گیا جس کے بعد آج تباہ کیے گئے ڈرونز کی تعداد ساٹھ تک پہنچ گئی۔

 

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں نیٹو ممالک کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے میں امریکا کی مدد نہ کی تو اتحاد کے مستقبل پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر سات ممالک سے بات چیت جاری ہے اور ان سے سمندری راستے کے تحفظ میں تعاون کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

 

دوسری جانب عراق کے دارالحکومت بغداد کے ہوائی اڈے کے قریب ایک لاجسٹک کیمپ کو ڈرون اور راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

 

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے پر پانچ راکٹ بھی داغے گئے جبکہ واقعے کی تفصیلات اور ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے ضلع جزین کے علاقے قطرانی میں اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

 

ایران کی پاسداران انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران اب تک وہ میزائل استعمال کر رہا ہے جو تقریباً دس سال پہلے تیار کیے گئے تھے جبکہ جون 2025 کے بعد تیار ہونے والے میزائل ابھی استعمال میں نہیں لائے گئے۔

 

 انہوں نے امریکی صدر کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا ہمت رکھتا ہے تو خلیج میں اپنی بحریہ بھیجے۔

 

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے دعویٰ کیا کہ کچھ گروہ نائن الیون جیسے حملے کی سازش کر کے اس کا الزام ایران پر ڈالنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ ایران ایسے دہشت گرد منصوبوں کی مخالفت کرتا ہے اور اس کی جنگ امریکی عوام کے خلاف نہیں ہے۔

 

دبئی میں ایک ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔ 

 

حکام کے مطابق واقعے کے دوران ایک ایندھن کے ٹینک کو نقصان پہنچا اور مسافروں کو پروازوں کی معلومات کے لیے متعلقہ فضائی کمپنیوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

کویت میں علی السالم فوجی اڈے پر ڈرون حملے کے دوران اطالوی فضائی ٹاسک فورس کا ایک بغیر پائلٹ طیارہ تباہ ہو گیا تاہم تمام اہلکار محفوظ رہے۔

 

عالمی سطح پر امریکی اپیل کے باوجود کئی ممالک نے آبنائے ہرمز میں فوجی مدد فراہم کرنے سے انکار کیا ہے۔

 

 جاپان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بحری جہاز بھیجنے کا فیصلہ صرف انتہائی غیر معمولی صورتحال میں ہی کیا جا سکتا ہے۔

 

 آسٹریلیا نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے اس مشن میں حصہ نہیں لے رہا۔

 

چین نے اس معاملے پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطوں کے ذریعے تعمیری کردار ادا کرنے کی کوشش کرے گا۔

 

برطانیہ کے وزیر توانائی ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے امریکا اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاہم برطانوی حکومت نے بحری جنگی جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ فرانس پہلے ہی اس خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر چکا ہے۔