پاکستان - 17 مارچ 2026
کابل اور ننگرہار میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا: وفاقی وزیر اطلاعات
پاکستان - 17 مارچ 2026
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ کابل اور ننگرہار میں فضائی حملوں کے دوران فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور افغانستان کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے بتایا کہ 16 مارچ کی رات آپریشن غضب لِلحق کے تحت پاک فوج نے دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث اہداف پر فضائی حملے کیے۔
کابل اور ننگرہار میں افغان طالبان حکومت کے دہشت گردی میں معاون ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کابل میں دو مقامات پر تکنیکی معاونت کے انفراسٹرکچر اور اسلحہ ذخیرہ گاہیں تباہ کر دی گئیں، اور بعد میں ہونے والے ثانوی دھماکے بڑے اسلحہ ڈپو کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہیں۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ ننگرہار میں چار فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، کارروائیوں میں لاجسٹکس، اسلحہ اور تکنیکی انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
صرف وہ تنصیبات ہدف بنیں جو دہشت گرد گروہوں کی معاونت کے لیے استعمال ہو رہی تھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان حکومت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت دہشت گرد نیٹ ورکس کی معاونت کر رہی ہے، اور طالبان کا پراپیگنڈا گمراہ کن ہے۔
حقیقت دنیا اور افغان عوام سے پوشیدہ نہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن غضب لِلحق پاکستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہے گا۔
دیکھیں

