ایران نے قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اور ان کے بیٹے کی شہادت کی تصدیق کر دی

news-banner

دنیا - 18 مارچ 2026

تہران: ایرانی ذرائع ابلاغ نے تصدیق کی ہے کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے۔

 

رپورٹس کے مطابق علی لاریجانی اپنے بیٹے اور معاون علی رضا کے ہمراہ حملے میں شہید ہوئے، یہ واقعہ تہران میں پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا۔

 

اس سے قبل علی لاریجانی کے سماجی رابطے کے اکاؤنٹ سے ایک ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ اسرائیل نے بھی انہیں اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

 

ان کی شہادت کے بعد سابق سیکرٹری سعید جلیلی کے عارضی طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

علی لاریجانی ایران کی اہم سیاسی شخصیت تھے، وہ 12 سال تک پارلیمان کے سربراہ رہے اور جوہری پروگرام کے مرکزی مذاکرات کار بھی رہ چکے تھے، انہوں نے ملکی سیاست اور خارجہ امور میں اہم کردار ادا کیا۔

 

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علی لاریجانی ایک باصلاحیت اور تجربہ کار رہنما تھے جنہوں نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے خدمات انجام دیں۔