ملک بھر میں عیدالفطر کے اجتماعات، سلامتی اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں

news-banner

پاکستان - 21 مارچ 2026

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، جہاں نماز عید کے لیے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور ملکی سلامتی و امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

 

لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں روح پرور اجتماعات ہوئے۔ شہری نئے کپڑے پہن کر، خوشبو لگا کر اور سنت کے مطابق میٹھی اشیاء کھا کر نماز کے لیے گھروں سے نکلے، جبکہ نماز کے بعد ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔

 

گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے گئے اور بچے عیدی لینے کے لیے خوش دکھائی دیے۔

 

 حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تاکہ عوام بلا خوف عید کی خوشیاں منا سکیں۔

 

وفاقی دارالحکومت میں مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جبکہ بادشاہی مسجد اور کراچی کی مختلف مساجد میں بھی بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔

 

آصف علی زرداری نے نوابشاہ میں نماز عید ادا کی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں، جبکہ شہباز شریف نے لاہور میں نماز ادا کر کے شہریوں سے ملاقاتیں کیں۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں نماز ادا کی اور عوام میں گھل مل گئے، جبکہ سردار سلیم حیدر نے اپنے آبائی گاؤں میں نماز ادا کی۔

 

اسی طرح نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں، شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے ڈی آئی خان میں نماز عید ادا کی۔

 

دنیا کے دیگر ممالک خصوصاً سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں میں بھی عیدالفطر جوش و خروش سے منائی گئی۔

 

سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہوئے جہاں لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی۔

 

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے امن و استحکام کے لیے دعا کی۔