تازہ ترین - 23 مارچ 2026
یوم پاکستان ملک بھر میں پر جوش انداز میں منایا گیا، اہم مقامات پر تقریبات
پاکستان - 23 مارچ 2026
ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور تجدید عہد کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ملک میں جاری کفایت شعاری مہم کے تحت اس سال یوم پاکستان سادگی سے منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر ہونے والی روایتی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے۔
لاہور میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے قومی پرچم لہرایا جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، ان کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔
اس موقع پر پاک فضائیہ نے مزار اقبال کی سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی جو اس سے قبل ستلج رینجرز کے پاس تھی۔
تقریب نے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قومی جذبے کو مزید مضبوط کیا۔
تقریب میں ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، انہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
دیکھیں

