وزیراعظم نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد کر دی

news-banner

پاکستان - 23 مارچ 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

 

ہائی آکٹین فیول پر پٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نے ہدایت دی کہ تمام وفاقی محکمے فوری طور پر سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال کو روکیں۔

 

 جہاں استعمال ناگزیر ہو، وہاں متعلقہ افسر کو ذاتی خرچ سے ایندھن فراہم کرنا ہوگا۔

 

 تمام وفاقی محکموں، اتھارٹیز اور ذیلی اداروں کو فوری عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

اس اقدام کا مقصد قومی وسائل کا انتہائی مؤثر، شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنانا ہے۔

 

اس سے قبل سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی اور 60 فیصد گاڑیوں کو گراؤنڈ کیا جا چکا ہے۔ 

 

ان اقدامات سے حاصل ہونے والی بچت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سستا تیل مہیا کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل اور غیر ضروری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے حکومتی اخراجات کم ہوں گے اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا بہتر استعمال ممکن ہوگا۔

 

متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیصلے کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔