نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا: محسن نقوی

news-banner

پاکستان - 26 مارچ 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

 

وزیر داخلہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے ان کا استقبال کیا اور زیر تعمیر نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کوآرڈینیشن سنٹر کا معائنہ کروایا۔

 

اے این ایف ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محسن نقوی کو اے این ایف کی کارکردگی، افعال اور آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

 

 اجلاس میں بتایا گیا کہ منشیات کے جرائم میں سزا کی شرح 82 فیصد تک پہنچ گئی ہے، 22 ملکی اور 9 غیر ملکی ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشنز کو توڑا گیا، اور پوپی کی فصل کی کاشت تلف کی گئی۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے ہر سطح پر کارروائیاں جاری رہیں گی، اور تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

 

انہوں نے اے این ایف کی کم وسائل اور افرادی قوت کے باوجود موثر کارروائیوں کو سراہا، اور اجلاس میں حال ہی میں شہید ہونے والے 6 اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

 

 اجلاس میں اے این ایف فاؤنڈیشن کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔