اپنا گھر ہر شہری کا حق، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومتی ترجیح ہے: وزیراعظم

news-banner

پاکستان - 26 مارچ 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 

 رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

 

وزیراعظم کی زیر صدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

 

شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری معیشت کا پہیہ چلائے گی اور لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔

 

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیرات و رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قابل عمل حکمت عملی مرتب کی جائے اور اس میں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر، صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہوں۔

 

اجلاس میں تعمیرات و رہائشی شعبے پر ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی اور منظور شدہ اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ 

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خصوصی اقدامات، قانونی اصلاحات، کم لاگت رہائشی منصوبوں کے لیے قرضوں کا نظام، بینکوں کے اہداف، مارگیج فنانس ایکو سسٹم اور ڈویلپر لیڈ فنانسنگ کے جامع نظام پر کام جاری ہے۔

 

وزیراعظم نے رہائشی تعمیرات کے شعبے کی ترقی کے لیے جامع اقدامات کو جلد حتمی شکل دے کر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

 اجلاس میں وفاقی وزراء، اٹارنی جنرل، گورنر سٹیٹ بینک، صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندے، نجی شعبے کے ماہرین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔