ایرانی مؤقف: جنگ بندی کی امریکی تجاویز یک طرفہ اور غیر منصفانہ قرار

news-banner

دنیا - 27 مارچ 2026

ایران نے جنگ بندی سے متعلق امریکا کی 15 نکاتی تجاویز کو یک طرفہ اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے ان پر باضابطہ جواب ارسال کر دیا ہے اور اب امریکی ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

 

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ یہ تجاویز صرف امریکا اور اسرائیل کے مفاد میں ہیں اور ان میں توازن کا فقدان ہے۔

 

ایرانی عہدیدار کے مطابق پاکستان کے ذریعے موصول ہونے والی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان کو واضح مؤقف دیا گیا کہ ان میں ضروری تقاضے شامل نہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ تاحال مذاکرات کے لیے کوئی باضابطہ انتظام نہیں کیا گیا اور فی الحال بات چیت کا کوئی واضح منصوبہ نظر نہیں آتا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے تو پیش رفت ممکن ہے، جبکہ سفارتی عمل مکمل طور پر رکا نہیں ہے۔

 

 ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان اور ترکیہ ثالثی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی سے قبل ہی ایران اپنی جانب سے 15 نکاتی تجاویز کا جواب بھیج چکا تھا۔

 

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران اب امریکا کے باضابطہ ردعمل کا منتظر ہے۔