پاکستان - 27 مارچ 2026
ترک صدر: ایران میں بہنے والے آنسو دنیا کے کسی بھی خطے کے مسلمان کے آنسو سے مختلف نہیں
دنیا - 27 مارچ 2026
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ایران میں بہنے والے آنسو دنیا کے کسی بھی خطے میں مسلمان کے آنسو سے مختلف نہیں ہیں۔
ترک صدر نے حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نفرت پر مبنی نسل کشی کا نیٹ ورک ہے جو خطے کو اس صدی کے بدترین بحران کی طرف دھکیل رہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اصفہان، تبریز اور تہران میں بہنے والے آنسو اور اربیل، اومان، بغداد، بیروت، صنعاء، دوحہ، ریاض اور دیگر برادر شہروں میں بہنے والے آنسوؤں میں کیا فرق ہے؟ قتل عام کرنے والے نیٹ ورک کے سامنے فرق نہیں پڑتا کہ ہمارا نام علی ہو، مرتضیٰ ہو، عمر ہو، عائشہ، زینب، حسن ہو یا حسین ہو، چاہے ایران میں ہوں یا خلیج میں، ہر میزائل سے ہم متاثر، زخمی اور لہولہان ہوتے ہیں۔
اردوان نے کہا کہ ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں نے خطے کو شدید بحران میں ڈال دیا ہے۔ یہ جنگ پورے خطے کو متاثر کر رہی ہے، جہاں نہ مسلک کی تمیز رہی ہے نہ نسل کی، اور ہر حملہ مشترکہ نقصان کا سبب بن رہا ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ ترکیے اپنے برادر ممالک میں کوئی فرق نہیں کرتا اور نہ ہی ان کی تکالیف پر خاموش رہتا ہے، مشکل وقت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔
اگرچہ یہ جنگ اسرائیل کی ہے، اس کی بھاری قیمت سب سے پہلے مسلمان ادا کرتے ہیں اور پھر پوری انسانیت۔
انہوں نے زور دیا کہ مسجد اقصیٰ میں 1967 کے بعد پہلی بار عید کی نماز کی ادائیگی کو روکنا 2 ارب مسلمانوں کے عقیدے کی کھلی گستاخی ہے، اور عبادت کا حق کسی بھی جواز کے تحت نہ چھینا جا سکتا ہے، نہ روکا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
دیکھیں

