پی سی بی سے کوئی اختلاف نہیں، معاملہ خوش اسلوبی سے ختم ہو گیا: جیسن گلیسپی

news-banner

کھیل - 28 مارچ 2026

حیدرآباد کنگز مین کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں رہا اور ٹیسٹ کوچ کے طور پر ان کا دور خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا۔

 

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے ٹیم کی تیاری اچھی جا رہی ہے اور کھلاڑیوں کی محنت قابل تعریف ہے۔ 

 

انہوں نے پی سی بی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

 

گلیسپی نے کہا کہ گلین میکسویل کی آمد متوقع ہے لیکن حتمی تاریخ نہیں بتا سکتے، جبکہ صائم ایوب کا کردار واضح ہے اور وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں جن سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ معاذ صداقت ٹریننگ میں مصروف ہیں اور امید ہے کہ اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 

 

ٹیم کوئٹہ کے خلاف بہترین کمبی نیشن میدان میں اتارنے کی کوشش کرے گی۔

 

جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ ٹیم کمبی نیشن بنانے میں وقت لگتا ہے اور کئی باؤلرز مختصر فارمیٹ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ 

 

انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز کے لیے تینوں فارمیٹس کھیلنا اب مشکل ہوتا جا رہا ہے، اسی لیے کھلاڑی اپنی ترجیحات کے مطابق فارمیٹس منتخب کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے زور دیا کہ کھلاڑیوں، کوچز، بورڈ اور فرنچائزز کے درمیان بہتر رابطہ ہونا چاہیے تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے، جبکہ انہوں نے روایتی ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی پسندیدگی کا بھی اظہار کیا۔