آئی ٹی سرمایہ کاری کیلئے حکومت پرعزم، وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

تازہ ترین - 01 اپریل 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

 

یہ بات انہوں نے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر کمپنی وی ای او این گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسر کان ترزی اوعلو سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معیشت میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دے کر شفافیت کو یقینی بنانا چاہتا ہے، جبکہ 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد عوام کو معیاری انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی آئی ٹی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جو ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

 

اس موقع پر کان ترزی اوعلو نے حکومت کی جانب سے کیش لیس اکانومی اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ دیا۔

 

ملاقات میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، شزا فاطمہ خواجہ، احد خان چیمہ اور عامر ابراہیم سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔