ایران جنگ کے خاتمے کیلئے تیار، دوبارہ تنازع نہ ہونے کی ضمانت درکار: ایرانی صدر

news-banner

دنیا - 01 اپریل 2026

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کیلئے تیار ہے بشرطیکہ یہ مضبوط ضمانت دی جائے کہ مستقبل میں تنازع دوبارہ شروع نہیں ہوگا۔

 

ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ اگر ایران کو یقین دہانی کرائی جائے کہ اس پر دوبارہ حملہ نہیں ہوگا تو وہ جاری لڑائی ختم کرنے پر آمادہ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور انہیں نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، تاہم موجودہ حالات میں خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

 

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج کی مزاحمت اور عوام کے اتحاد نے مشکل حالات پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی کہہ چکے ہیں کہ ایران صرف جنگ بندی نہیں بلکہ اس تنازع کا مکمل اور جامع خاتمہ چاہتا ہے۔

 

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی کی جانب سے براہ راست پیغامات موصول ہو رہے ہیں تاہم باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے، البتہ سکیورٹی سے متعلق کچھ رابطے پاکستان کے ذریعے جاری ہیں۔

 

دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو وہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔