پاکستان - 02 اپریل 2026
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، صوبے میں مفت علاج اور صحت کے 4 بڑے منصوبوں کا جائزہ
پاکستان - 02 اپریل 2026
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں لاکھوں روپے مالیت کے علاج اور ٹرانسپلانٹ مکمل طور پر مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو ریلیف ملا ہے۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں 4 بڑے ہیلتھ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 16 ہزار 625 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی، جبکہ 11 ہزار سے زائد کامیاب سرجریز مکمل ہو چکی ہیں۔
صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 7 ہزار 664 بچوں کے دل کے آپریشن اور دیگر طبی پروسیجرز انجام دیے گئے۔
پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی غریب بچوں کے علاج کے لیے دروازے کھول دیے گئے، جہاں 3 ہزار 802 بچوں کا علاج سرکاری خرچ پر مکمل کیا گیا۔
سی ایم اسپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 2 ہزار ایک مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی، جن میں سے ایک ہزار 574 مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کیے گئے۔
اس میں 255 مریضوں کے لیور ٹرانسپلانٹ بالکل مفت کیے گئے، جبکہ ہر لیور ٹرانسپلانٹ پر حکومت پنجاب نے تقریباً 65 لاکھ روپے خرچ کیے۔
اس پروگرام کے تحت 799 مریضوں کے گردوں کی پیوندکاری، 460 مریضوں کے کوکلیر ٹرانسپلانٹ، 32 مریضوں کے کارنیل اور 28 مریضوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی مفت کیے گئے۔
ڈائیلسز پروگرام کے حوالے سے بتایا گیا کہ 38 ہزار 125 مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ اب تک 15 لاکھ سے زائد ڈائیلسز پروسیجرز مکمل کیے جا چکے ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘غریب ہو یا امیر، سب بچے میرے اپنے ہیں’، اور حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
دیکھیں

